‘پورا ملک جیل بن چکا ہے، لوگ تمام زنجیریں توڑ دیں‘
راولپنڈی: احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ’پورا ملک جیل میں بدل چکا ہے اور وقت آگیا ہے کہ لوگ تمام زنجیریں توڑ دیں‘۔
سابق وزیراعظم نے جاری آڈیو پیغام میں عوام کو مکاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا پیغام ہر گھر، گلی اور گاؤں میں پھیلا دو، اپنے گھروں سے نکلو اور ان کو شکست دے دو، جنہوں نے تمہارے ووٹ کو عزت نہیں دی تاکہ وہ کبھی دوبارہ سر نہیں اٹھا سکیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’مخالف نے مجھے والد کی کمزوری بنانا چاہا لیکن میں طاقت بن کر ابھری‘
سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے 25 جولائی کو تاریخی جشن منانے کے لیے لوگوں کو ’ووٹ کو عزت دو‘ کا جھنڈا لے کر نکلنے کا کہا۔
2 منٹ پر مشتمل آڈیو پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو عوام سے دور رکھنے کے لیے جیل میں ڈالا گیا لیکن وہ نہیں جانتے کہ جیلیں عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتیں اور نہ ہی کوئی آمر اس مقصد میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے نواز شریف کی سیکیورٹی کے لیے 6 سینئر افسران اور مریم نواز کی سیکیورٹی کے لیے ایک خاتون اور 4 افسران مقرر کردیئے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل
نواز شریف کو بی کلاس جیل دی گئی تاہم مریم نواز عام بیرک میں ہیں، انہوں نے بی کلاس جیل کی سہولت لینے سے انکار کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جیل میں نواز شریف کے پاس کھانا بنانے کے لیے الیکڑک ہیٹر موجود ہے۔
دوسری جانب حکام نے جیل کے اطراف میں سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے رینجرز اور ایلٹ فورس کمانڈوز تعینات کردیئے ہیں تاکہ جیل کے اطراف میں نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت
دوسری جانب سابق وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خادم علی یوسفزئی، نواز شریف سے ملاقات کے لیے جیل گئے لیکن انہیں متعلقہ حکام نے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
یہ خبر 16 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی