فٹبال ورلڈ کپ: کروشیا کو شکست، فرانس دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بن گیا
فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-4 سے کروشیا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئنن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں 80ہزار تماشائیوں کے سامنے کروشیا کی ٹیم نے میچ کی ابتدا میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور ابتدائی 15منٹ میں فرانس کی ٹیم کو مکمل دباؤ میں رکھا۔
تاہم میچ کے 18ویں منٹ میں کروشیا کی ٹیم نے ایک فاؤل کیا جس پر فرانس کو ڈی سے باہر فری کک ملی اور گریزمین کی جانب سے ماری گئی اس فری کک پر ماریو مینڈزیوکچ کے سر سے گیند ٹکرا کر گول میں جا پہنچی اور فرانس نے میچ میں برتری حاصل کی۔
تاہم گول کی تلاش میں سرگرداں کروشیا کی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 28ویں منٹ میں ایک شاندار موو کی بدولت گزشتہ میچ میں انگلینڈ کے خلاف گول کر کے مقابلہ برابر کرنے والے ایوان پیریسک نے گول کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کے لیے مقابلہ برابر کردیا۔