پاکستان

امیدواروں کی سیکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم

جلسوں اور ریلیوں میں شریک عوام کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں، گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اجلاس سے خطاب
|

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور جلسوں میں شرکت کرنے والے عوام کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیراعظم ناصرالملک کی صدارت میں اجلاس ہوا جہاں سانحہ مستونگ کے تناظر میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کے پی اور بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں، سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیکیورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے حوالے سے سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:نگراں وزیراعظم، شہباز شریف، عمران خان کی سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے تعزیت

چیف سیکریٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے حوالے سے اور صوبے میں عام انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کے لیے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے سانحہ مستونگ کے زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے ضمن میں مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری، وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکرٹری داخلہ بلوچستان حیدر علی کھوکھر، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل ندیم انجم، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل سردار طارق امان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور دیگر سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

قبل ازیں وزیراعظم نے ساراوان ہاؤس کوئٹہ کا دورہ کیا اور سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے سراج رئیسانی کے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی۔

وزیراعظم نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی