عمران خان، شاہد خاقان عباسی سمیت 10 افراد کو اظہار وجوہ کا نوٹس
یہ افراد انتخابی مہم کیلئے الیکشن کمیشن کی بینرز، پوسٹرز، بل بورڈز، ہورڈنگز کے مقرر کردہ سائز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے تین حلقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی اسمبلی کے 10 امیدواروں کو اظہار وجوہ کے حتمی نوٹس جاری کردیے گئے۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ امیدوار پوسٹرز، بینرز اور پورٹریٹ کے سائز کےحوالے سے الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ میعار کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں جبکہ انہوں نے بل بورڈز، ہورڈنگز اور وال چاکنگ کے سلسلے میں بھی احکامات کی پیروی نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی حکومتیں معطل کردیں
اس سلسلے میں جن افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان بھی شامل ہیں۔