’ فوج الیکشن نہیں کروارہی‘
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ فوج الیکشن نہیں کروارہی صرف امن و امان قائم رکھے گی، اگر کسی امیدوار کو دستبردار ہونے یا وفاداری تبدیل کرنے کیلئے دھمکایا جا رہا ہے تو الیکشن کمیشن کو بتائیں۔
بابر یعقوب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کی جان کو خطرات سے اداروں اور نگراں وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی عملہ کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے، نتائج کی ترسیل سے فوج یا سیکیورٹی اداروں کا کوئی تعلق نہیں،نتائج کی ترسیل متعلقہ انتخابی عملہ ہی کرے گا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ امیدواروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس مرتبہ ٹرن آؤٹ پہلے سے بہتر رہنے کی توقع ہے۔
بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کے امیدوار یا کارکن اٹھائے جا رہے ہیں تو ہمیں خفیہ طور پر نام بتائیں، الیکشن کمیشن امیدواروں کے تحفظ کے انتظامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔