کھیل

کرونارتنے کا 158رنز پر بیٹ کیری، سری لنکا 287رنز پر ڈھیر

کرونارتنے کی سنچری کے باوجود جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا 287 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

گال: کرونارتنے کی ناقابل شکست سنچری اور 158رنز کی اننگز کے باوجود سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 287 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعرات کو گال اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان سورنگا لکمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکن اوپنرز دنشکا گناتھیلاکا اور دمتھ کرونارتنے نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنائے تاہم گناتھیلاکا 26 رنز بناکر کگیسو ربادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور 119 رنز تک آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

دھننجیا ڈی سلوا 11 رنز بناکر شمسی کی گیند پر باؤلڈ ہوئے، کوشل مینڈس 24 رنز بناکر ڈیل اسٹین کی گیند پر ربادا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تجربہ کار انجیلو میتھیوز بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف ایک رن بناکر ربادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ ربادا کی روشن سلوا کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع فراہم نہ کیا۔

تاہم دوسرے اینڈ سے کرونارتنے ڈٹے رہے اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کرکے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

انہوں نے وکٹ کیپر نروشن ڈک ویلا کے ساتھ مل کر اسکور کو 161 تک پہنچایا جس کے بعد ڈک ویلا 18 رنز بناکر تبریز شمسی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ دلرووان پریرا اور رنگا ہیراتھ کی اننگز بھی ایک، ایک رن پر تمام ہوئیں۔

176 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جلد ہی سری لنکن ٹیم کی بساط لپٹ جائے گی لیکن کرونارتنے مہمان باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔

انہوں نے 10ویں نمبر پر آںے والے کپتان لکمل کے ساتھ قیمتی 48 رنز کی شراکت قائم کی جس میں لکمل کا حصہ 10 رنز تھا جبکہ اس دوران انہوں نے کیریئر کی آٹھویں سنچری بھی مکمل کی۔

تاہم نویں وکٹ گرنے کے بعد بھی جنوبی افریقہ کے لیے آخری وکٹ کا حاصل کرنا محال ہو گیا اور کرونارتنے نے 11ویں نمبر پر آنے والے لکشن سنداکن کے ساتھ مل کر جنوبی افریقی ٹیم کے صبر کا خوب امتحان لیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 10ویں وکٹ کی شراکت میں 16اوورز تک بیٹنگ کی اور 63رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 287 رنز کے مجموعے تک رسائی دلادی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب سنداکن 25 رنز بناکر شمسی کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کرونارتنے نے کیریئر میں پہلی مرتبہ بیٹ کیری کرتے ہوئے 158 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ربادا نے ایک مرتبہ عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شمسی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈیل اسٹین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کچھ اچھی ثابت نہ ہو سکی اور وہ صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین ایلگر اور ایڈن مرکرم نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا اور کھلاڑی ایڈن مرکرم کوئی رن بنائے بغیر ہیراتھ کی گیند پر میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنالئے اور اس کو سری لنکا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 283 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔