کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا، انگلینڈ باہر
فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے ایونٹ کی فیورٹ انگلینڈ کی ٹیم کو 1-2 سے شکست دے دی۔
ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے ایونٹ کی فیورٹ انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کے آغاز میں ہی انگلینڈ نے برتری حاصل کر کے کروشیا کی ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔
میچ کے چوتھے منٹ میں ڈیلی ایلی کو گرانے پر انگلینڈ کو فری کک ملی جس پر کیرن تریپیئر نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
اس گول کی بدولت تریپیئر سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے بعد ورلڈ کپ میں فری کک پر گول کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے جہاں بیکہم نے 1998 اور 2006 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔