ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج فرانس اور بیلجیئم مدمقابل
فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، دوسرا سیمی فائنل کل انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان ہو گا۔
ماسکو: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے کا آج سے آغاز ہو رہا ہے اور ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل فرانس اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اپ سیٹ سے بھرپور 21واں فٹبال ورلڈ کپ اختتام کی جانب گامزن ہے اور ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جہاں 4 ٹیمیں عالمی چیمپیئن بننے کی جنگ لڑیں گی۔
ایونٹ میں بڑے بڑے برج الٹ چکے ہیں اور دفاعی چیمپیئن جرمنی کے بعد لیونل میسی کی ارجنٹائن اور کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کے ساتھ ساتھ اسپین، ایشیائی ٹیم جاپان اور میکسیکو کی ٹیمیں بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔