انتخابات کے بعد میرا ایک ہی کام ہوگا گھر گھر پانی پہنچاؤں، شہبازشریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے امیدواروں کو اربوں کا فنڈ کھا کر عوام کا حق مارنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد میرا ایک ہی کام ہوگا کہ گھر گھر پانی پہنچاؤں۔
بہاولنگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج سے جنوبی پنجاب میں انتخابی مہم کا آغاز کر رہا ہوں۔
مسلم لیگ کے قائد کے خلاف آنے والے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوازشریف کو کرپشن میں سزا نہیں دی گئی لیکن وہ اہلیہ کے شدید علیل ہونے کے باوجود قوم اور وطن کی محبت میں واپس آرہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا، عالمی دباؤ میں آئے بغیر ایٹمی دھماکے کیے اور 2013میں نوازشریف نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر دیے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ پورے پاکستان کے لیے بجلی بنائیں گے لیکن صرف 72 میگاواٹ بجلی پیدا کی اور قوم سے کیا ہوا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مانتا ہوں کہ پورے صوبے کو ایک ساتھ ترقی نہیں دے سکا لیکن جس قدر بہترین کام کرسکتا تھا وہ کیا، تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر کام کیا۔
انھوں نے کہا کہ دانش اسکول انھی منصوبوں میں سے ایک ہے، دانش اسکول کا معیار کسی بھی اعلیٰ نجی اسکول سے کم نہیں ہے اور ہم نے طالبات کو ماہانہ وظیفہ دیا۔
پارٹی چھوڑ کر جانے والے اور سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے امیدواروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیاسی لوٹے اربوں روپے کے فنڈ کھا گئے اور عوام کا حق مارا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ چولستان میں پانی کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے اور بھاشا ڈیم کا منصوبہ شروع کریں گے جس پر 12 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ اتنا پیسہ کہاں سے آئے گا لیکن ہم اپنا پیٹ کاٹ کر یہ ڈیم بنائیں گے اور سندھ سے گزر کرسمندر میں گرنے والے پانی کو چولستان میں ذخیرہ کر کے چولستان کی بنجر زمین کو سرسبز و شاداب کردیں گے۔