’25 جولائی کے الیکشن 2002 کے انتخابات سے بدتر ہوں گے‘
کوئٹہ : نیشنل پارٹی (این پی) کے صدر سینیٹر حاصل خان بزنجو نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں بعض قوتوں کی جانب سے ایک بار پھر حقیقی جمہوری سیاستدانوں کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات 2002 میں ہونے والے عام انتخابات سے بھی بدتر ہوں گے جو ایک فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے زیرِ سایہ منعقد ہوئے تھے۔
تربت میں پارٹی کے الیکشن آفس میں خطاب کرتے ہوئے حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) بھی انہی قوتوں نے قائم کی، لیکن وہ حقیقی سیاسی اور جمہوری قوتوں کو شکست دینے میں ناکام رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچ قوم پرستوں کے درمیان انتخابی تناؤ
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں بی اے پی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی کیوں کہ صوبے کے عوام انہیں مسترد کردیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ لوگ اس قسم کی جماعتوں کو مسترد کرتے آئے ہیں۔