کھیل

میسی بہتر یا رونالڈو؟ بحث پر میاں بیوی میں طلاق

شوہر ارجنٹائن کی فتح کا جشن منا رہے تھے لیکن بیوی اس بات پر مصر تھی کہ رونالڈو اپنے حریف میسی سے بہتر ہے۔

کھیلوں کی دنیا میں عظیم کھلاڑیوں او ٹیموں کے درمیان موازنہ کوئی نئی بات نہیں اور کئی دہائیوں سے ان کے حامیوں کے درمیان اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑیوں کو عظیم تر ثابت کرنے کی بحث ہوتی رہی ہے۔

ٹیموں کے درمیان موازنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے درمیان بھی مسابقت دیکھی جاتی رہی ہے جس میں باکسنگ میں محمد علی، فریزیئر، تیراکی میں مائیکل فیلپس اور تھورپ، ٹینس میں راجر فیڈرر اور نڈال سمیت کئی مثالیں موجود ہیں۔

تاہم موجودہ دور میں سب سے بڑے حریف تصور کیے جانے والے فٹبالرز لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے شائقین میں گزشتہ 10سال سے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو عظیم تر ثابت کرنے کی جنگ جاری ہے۔

دونوں کھلاڑی گزشتہ 10سال کے دوران 5، 5 بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں اور اس دوران دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز نہ جیت سکا۔

میسی اور رونالڈو کے شائقین میں اپنے اپنے پسندیدہ فٹبالرز کو بہترین ثابت کرنے کے لیے کئی مرتبہ بدترین جھگڑے بھی ہوئے لیکن حال ہی میں ان دونوں عظیم کھلاڑیوں پر بحث نے بات میاں بیوی کے درمیان طلاق تک پہنچا دی۔

ماسکو کے مقامی اخبار کے مطابق آرسن اور لیوڈملا نامی جوڑے میں بحث اس وقت شروع ہوئی جب ارجنٹینا نے ورلڈ کپ میچ میں نائجیریا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

شوہر ارجنٹائن کی فتح کا جشن منا رہے تھے لیکن بیوی اس بات پر مصر تھی کہ رونالڈو اپنے حریف میسی سے بہتر ہے لیکن اسی دوران یہ بحث شدت اختیار کرتے ہوئے جھگڑے میں بدل گئی اور شوہر نے اپنا تمام سامان باندھ کر بیوی کو چھوڑ کر اپنی راہ لی۔

آرسین نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی میری بیوی میسی کا مذاق اڑا رہی تھی اور کہہ رہی تھی کہ میسی آئس لینڈ کے خلاف ایک پینالٹی تک اسکور نہ کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ سب برداشت نہ کر سکا اور اپنی بیوی کو بتایا کہ میں بیکار رونالڈو، پرتگال کی قومی ٹیم اور ان سب کلبوں کے بارے میں کیا سوچتا ہوں جنہیں وہ بہت پسند کرتی ہے۔

آرسین نے کہا کہ اس کے بعد میں نے اپنا سامان اٹھایا اور ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا۔

دلچسپ امر یہ کہ اس جوڑے کی ملاقات بھی ایک فٹبال میچ کے دوران ہی ہوئی اور 2002 میں ایک بار میں میچ دیکھنے کے دوران دونوں ایک دوسرے سے پہلی بار ملے تھے۔

میسی اور رونالڈو میں سے بہتر کون ہے، یہ فیصلہ کرنا تو بہت مشکل ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دونوں ہی سپراسٹارز کی ٹیمیں ارجنٹائن اور پرتگال ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں اور ممکنہ طور پر اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلنے یہ دونوں اسٹار عالمی کپ جیتنے کے اعزاز سے محروم رہ گئے۔