کیا فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کی فاتح ٹیم بیلجیئم ہوگی؟
میدانِ فٹبال کے بڑے بڑے سورما روس میں جاری عالمی فٹبال معرکے میں پسپائی کے بعد اپنے اپنے دیس کو لوٹ چکے ہیں۔ ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی ٹیموں میں سرِ فہرست ٹیم اٹلی ہے جو 4 بار عالمی چیمپئن بھی رہ چکی ہے، جبکہ گزشتہ ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم ہالینڈ بھی رواں فیفا ورلڈ کپ کے لیے ٹِک نہیں پائی۔
جہاں عالمی فٹبال کے منظرنامے میں اٹلی اور ہالینڈ کے سورما پسپا و رسوا ہوئے وہیں کچھ نئے سورماؤں نے فٹبال کے میدانوں میں مثالی کھیل پیش کیا اور قدرے کمزور سمجھے جانے والی ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں جن کی شاندار کارکردگی ابتدائی گروپ مرحلے میں آپ نے دیکھ ہی لی ہوگی۔ لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والی، میکسیکو کی دفاعی چیمپئن جرمنی اور کروشیا کی ارجنٹائن کے خلاف کارکردگی سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پر چند مخصوص ٹیموں کی اجارہ داری خطرے میں پڑچکی ہے۔
دفاعی چیمپئن جرمنی کو گروپ مرحلے سے باہر نکلتا دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں آئندہ کچھ دنوں میں اسپین، فرانس، برازیل، ارجنٹائن سمیت دیگر سابق عالمی چیمئنز ٹیمیں بھی گھر کو روانہ ہوسکتی ہیں جبکہ کوئی ایسی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرسکتی ہے جو اس سے قبل کبھی ورلڈ کپ کی فاتح نہیں رہی۔
پڑھیے: کہانی فٹبال ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کی
اس زمرے میں میکیسکو اور کروشیا کی کارکردگی تو اپنی جگہ مگر یورپ کے مختلف لیگ میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ایڈن ہزارڈ، رومیلو لوکاکو، کیون ڈی بروین، تھیبو کوغتوا، جان ورٹن گھن، ڈریز مرٹنز جیسے کھلاڑیوں پر مشتمل بیلجیئم کی ٹیم صحیح معنوں میں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے مطلوبہ صلاحیتوں سے بھرپور نظر آتی ہے۔
بیلجیئم کی ٹیم آج تک ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کے اعزاز سے محروم رہی ہے۔ 1986ء میں میکسیکو میں منعقدہ ورلڈ کپ میں بیلجیئم نے اپنی اب تک کی بہترین کارکردگی پیش کی تھی اور سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں 0-2 سے شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ بعد ازاں تیسری پوزیشن کے میچ میں فرانس کے ساتھ 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کے بعد 1986ء کے ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ 1990ء اور 1994ء کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں بیلجیئم کی ٹیم پری کوارٹر فائنل تک ہی پہنچ پائی تھی، 1990ء میں انگلش فٹبال ٹیم نے اضافی ہاف میں گول اسکور کر کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنائی تھی جبکہ 1994ء میں جرمن ٹیم نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر بیلجیئم کی ٹیم کو وطن واپس جانے پر مجبور کیا۔