کھیل

فٹ بال ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے میں روس نے اسپین کو باہر کردیا

روس نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین کو 3-4 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے پری کوارٹرفائنل کے تیسرے میچ میں سابق عالمی چمپئن اسپین کو میزبان روس نے زبردست مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔

ماسکو کے لوزنیکی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل کا دلچسپ مقابلہ پہلے ہاف میں ایک ایک گول سے برابر رہا۔

سابق عالمی چمپیئن اسپین کی ٹیم نے شروع میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرلی تاہم پہلے ہی ہاف میں ان کی برتری کو ختم کردیا گیا۔

روس کے آرٹم ڈزیوبا نے 41 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپسی کی راہ دکھائی جو ٹیم کی جیت کی صورت میں سامنے آگئی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اسپین کی ٹیم کو کنٹرول رہا اس کے باوجود وہ گول کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرپائیں۔

اضافی وقت میں نتیجہ نہ آنے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا۔

تجربہ کار اسپین کی ٹیم کی جانب سے لیگو آسپیس اور کوک گول کرنے میں ناکام ہوئے جبکہ روس کی جانب سے کوئی غلطی کا مظاہر نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں فیصلہ 3-4 سے روس کے حق میں رہا۔

اسپین کی ٹیم اس ناکامی کے ساتھ ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی سرفہرست تیسری ٹیم ہے اس سے قبل میسی کی ٹیم ارجنٹینا اور رونالڈو کی ٹیم پرتگال بھی ناکامی کے ساتھ ورلڈکپ کے پری کوارٹرفائنل سے باہر ہوچکی ہیں۔

فرانس نے ارجنٹینا کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد یوراگوئے نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی۔