کہانی فٹبال ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کی
فٹبال ورلڈ کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے روس میں جاری ہیں۔ فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 5 براعظموں کی 32 ٹیموں نے شرکت کی جن کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ورلڈ کپ کا آغاز 14 جون کو ہوا جبکہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل 15جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا ابتدائی راؤنڈ مکمل ہو چکا ہے، اس راؤنڈ کے اختتام پر 16 ٹیمیں اپنے مداحوں کو غمگین کرکے اپنے وطن لوٹ چکی ہیں جبکہ بقیہ 16 ٹیمیں ایک دن کے وقفے کے بعد آج سے ایک بار پھر عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کرنے کی جدوجہد میں لگ جائیں گی۔
آج سے شروع ہونے والے ناک آؤٹ مرحلے میں اب کسی بھی ٹیم کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا۔ بطور فٹبال مداح میں امید کرتا ہوں کہ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنے والی تمام ٹیمیں دفاع کے ساتھ اٹیکنگ فٹبال بھی کھیلیں گی کیونکہ شائقین گول اسکور ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
روس میں ہونے والے عالمی فٹبال کپ کی فاتح ٹیم کا فیصلہ ہونے مین ابھی چند ہفتے باقی ہیں لیکن ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی شائقین کو بہت سے دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کا موقع مل چکا ہے۔