پاکستان

خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں، نواز شریف

نشانہ صرف مسلم لیگ اور مسلم لیگی ہیں کسی اور پارٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا پچھلا ریکارڈ نکال کر دیکھیں، سابق وزیراعظم

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی امیدوار قمر اسلام کی گرفتاری اور دیگر کی نااہلی کو الیکشن سے قبل دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے جس کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دانیال عزیز کی نااہلی کو افسوس کے ساتھ دیکھتا ہوں کیونکہ کہیں دانیال عزیز کو نااہل کیا جارہا ہے تو کہیں شاہد خاقان عباسی اور کہیں قمرالاسلام کو نااہل کیا جارہا ہے اور ان کے بچے ان کے کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نیب، آر او اور دوسرے اداروں کی جانب سے کیا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، یہ بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:توہین عدالت کیس: مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز 5 سال کیلئے نااہل

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں اس صورت حال میں ہوں کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کررہا ہوں اور اپنی بیوی کی صحت پر توجہ مرکوز کررہا ہوں کہ اللہ ان کو صحت و تندرستی دے لیکن یہ بھی ایک فرض ہے جس کو مجھے ادا کرنا ہے بلکہ قومی فرض ہے جس سے میں خود کو دور نہیں رکھ سکتا اور میری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے اور 1971 میں بھی یہ کھیل کھیلا گیا جب مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا تھا تو انھی وجوہات کی بنیادوں پر بنا تھا اور آج بھی ایسا ہی کھیل کھیلا جارہا ہے جو پاکستان کے لیے خطرناک نتائج لاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے، ملک میرا ہے اور میں اپنے ملک کے ساتھ یہ سلوک نہیں دیکھ پا رہا اور برداشت نہیں کر پارہا ہوں کہ عوام کے مینڈیٹ کومروڑنے اور توڑنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے کیونکہ قوم کو 25 جولائی کو جو فیصلہ کرنا ہے وہ دیوار پر لکھا ہوا دیکھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاہد خاقان عباسی کی نااہلیت کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

مسلم لیگ کے قائد کا کہنا تھا کہ اب ووٹ کو عزت دو گھر گھر کا نعرہ بن چکا ہے اب اس سے لوگوں کو پیچھے ہٹایا نہیں جاسکتا اور لوگوں کو روکا نہیں جاسکتا ہے اس لیے ملک پر رحم کریں اور پاکستان کے ساتھ کھیل کھیلنا بند کریں۔

انھوں نے کہا کہ قمر الاسلام کا ننھا بیٹا اور بچی آر او کے دفتر گئے جس کو میں الیکشن سے قبل دھاندلی سمجھتا ہوں اور یہ اس کا باقاعدہ ثبوت اور دلیل ہے، اس سے بڑا کیا ثبوت چاہیے کہ ایک شخص کو نیب نے خود کچھ دن پہلے خود کلین چیٹ دی اور بے قصور قرار دے لیکن جیسے ہی ٹکٹ دیا گیا تو اس کو پکڑ لیا گیا یہ کس چیز کی نشاندہی کر رہی ہے یہ ہمیں قابل قبول نہیں اور میں پارٹی کو کہوں گا وہ ان کے بچوں کے ساتھ مہم چلائیں اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ وہاں گھر گھر تک پہنچائیں۔

شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ہر قیمت پر یقینی بنائیں کہ اس کھیل کو ہم کسی طورقبول کرنے کو تیار نہیں ہیں، قبل از انتخابات دھاندلی ہرقیمت پربند ہونی چاہیے جو بہت عرصے سے شروع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صاف پانی کیس: مسلم لیگی رہنما جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو پکڑا گیا، نشانہ ہم ہیں، نشانہ مسلم لیگ ہے اور مسلم لیگی ہیں ان کے علاوہ کوئی اور نشانہ نہیں پچھلا ریکارڈ دیکھ لیں، مسلم لیگ کے لیڈر کو وزارت عظمیٰ اور پارٹی صدارت سے ہٹایا اور تاحیات نااہل کر دیا اور اب اس کے رہنماوں کے ساتھ بھی یہی سلوک کر رہے ہیں جبکہ الیکشن میں صرف تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مقدمات ایک ہی نوعیت کے ہیں، میرے بارے میں فیصلہ کچھ آتا ہے اور دوسروں کے بارے میں کچھ اور فیصلے آتے ہیں اور مجھے نکال دیا جاتا ہے لیکن دوسروں کو بحال کیا جاتا ہے یا دوسروں کے خلاف ایسا فیصلہ نہیں آتا حالانکہ ان کا مقدمہ زیادہ سنگین ہے کیونکہ میرا معاملہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا تھا لیکن ان کا تو کاغذات نامزدگی میں اربوں کی جائیدادوں کا ذکر نہیں تھا مگرانھیں تو چھوڑ دیا گیا اور مجھے ساری عمر کے لیے نااہل کر دیا گیا۔