پاکستان

لاہور ہائی کورٹ: فواد چوہدری انتخابات کے لیے اہل قرار

عدالتی فیصلے سے تحریک انصاف اور جہلم کے عوام کی فتح ہوئی ہے، رہنما پاکستان تحریک انصاف

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے حوالے سے ایپلیٹ ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے فواد چوہدری کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف ایپلیٹ ٹریبیونل کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے 3 جولائی تک وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

مزید پڑھیں: کچھ حلقوں میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی تبدیلی کا فیصلہ

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایپلیٹ ٹریبیونل نے حقائق کے برعکس کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایپلیٹ ٹریبیونل کے مطابق بیرونِ ملک دوروں پر 32 لاکھ اخراجات کی تفصیلات، اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی، لیکن ٹریبیونل نے لف کی گئی دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا چوہدری نثار سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں،فواد چوہدری

فواد چوہدری کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ایپلیٹ ٹریبیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد الیکشن ٹریبیونل کی جانب سے فواد چوہدری کے کاغذاتِ نامزدگی کے فیصلے کو معطل کردیا۔

یہ تحریک انصاف کی فتح ہے، فواد چوہدری

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج کے فیصلے سے تحریک انصاف کی فتح ہوئی ہے۔

اپنے پیغام میں تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے میری نا اہلیت کا فیصلہ معطل کر دیا اور الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی سمیت جہلم کے عوام کی بھی فتح ہے۔

انہوں نے اپنی جیت پر پورے پاکستان کے وکلا’ خصوصا” لاہور ہائی کورٹ بار، پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے عہدیداران کا شکریہ بھی ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے حد مشکور ہیں کہ یہ افراد نے کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 67 جہلم سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں ریٹرنگ افسر نے مسترد کردیا تھا، کے بعد فواد چوہدری نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے ایپلیٹ ٹریبیونل میں چیلنج کیا جہاں سے اپیل مسترد ہونے کے خلاف انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں فیصلہ چیلنج کیا تھا۔