پاکستان

مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے کے لیے ہر طریقہ اپنائیں گے، عمران خان

تحریک انصاف میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین گروہ موجود ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا مقابلہ اسٹیٹس کو کی نمبر ایک پارٹی مسلم لیگ (ن) سے ہے اور ہم ان کو ہرانے کے لیے ہر طریقہ اپنائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں اپنے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو شکست دینے کے لیے جہاں ضروری ہوا سیٹ ایڈ جسٹمنٹ بھی کریں گے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ہم نے جن حلقوں میں ضروری سمجھا وہاں سروے بھی کرائے ہیں اور اس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔

مزید پڑھیں: انتخابی ٹکٹ تنازع: جہانگیر ترین، محمود قریشی میں لفظی جنگ شروع

انتخابی منشور کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا منشور تیار ہے جسے جولائی کے آغاز میں جاری کردیا جائے گا۔

پارٹی میں گروہ بندی کا اعتراف

عمران خان نے تحریک انصاف میں گروہ بندیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں جن کو روکنا بہت مشکل ہوتا ہے اور پی ٹی آئی میں بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بھی جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی گروپس موجود ہیں تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ گروہ بندیاں پی ٹی آئی کے حکومت میں آنے کے بعد ختم ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران کے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کا بنی گالا میں احتجاج ختم

انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کو ترقیاتی کاموں کے نام پر فنڈز دئیے جاتے ہیں جو کرپشن کا باعث بنتے ہیں اس لیے جب تک اس ملک میں ان اراکین اسمبلی کے یہ فنڈز نہیں روکے جاتے اور بلدیاتی نظام کو مضبوط نہیں بنایا جاتا، ملکی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں دیں گے بلکہ پچھلی بار کی اپنی صوبائی حکومت کی طرح بلدیاتی سطح کو مضبوط بنائیں گے تاکہ نیچے کی سطح پر بہتری آئے اور ملک آگے بڑھے۔