قبائلی افراد کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دینے سے روک دیا گیا
اسلام آباد: پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دینے کی کوششیں ناکام بنادی گئی۔سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مذکورہ علاقے میں ہونے والےعام انتخابات میں قومی اسمبلی کے ساتھھ صوبائی اسمبلی کے لیے بھی رائے شماری کی جائے۔
تاہم الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث مظاہرین نے نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادار) کے سامنے دھرنا دیا اور اپنے مطالبات کے لیے نعرے لگائے۔
بعد ازاں مظاہرین کے علم میں یہ بات آئی کہ الیکشن کمیشن میں ان کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست مسترد کردی گئی ہے جس پر انہوں نیشنل پریس کلب سامنے دوبارہ احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فاٹا میں انتخابات، الیکشن 2018 کے ساتھ کرانے کا مطالبہ
خیال رہے کہ قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنےعلاقے میں صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابات کا مطالبہ کررہے تھے، اور گزشتہ ہفتے سے دھرنوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔