’شفاف الیکشن نہ ہونے کی صورت میں ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا‘
لاہور: سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر 25 جولائی کو پاکستان میں انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کے وکلا کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ملک نے گزشتہ حکومت کے دوران جتنی ترقی کی ہے اس میں کمی آجائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دھاندلی سے جمہوریت کا حسن اور بیلٹ باکس کی بالادستی کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا، لہٰذا ملک میں دھاندلی روکنا اور شفاف انتخابات کا انعقاد مسلم لیگ (ن) کا مقصد ہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس ہی نہیں، چوہدری نثار
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ عوام کو خدمت کرنے والوں اور انہیں دھوکے اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کے درمیان فرق کرتے ہوئے اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہے۔