انتخابات 2018: عوام مغرب کے ایجنٹوں کو ووٹ نہ دیں، مولانا فضل الرحمٰن
پشاور: مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے اور مرکز سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنانے کے عزم کے ساتھ پشاور سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔
اس حوالے سے پشاور میں رنگ روڈ سے ملحقہ گراؤنڈ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عوام پر زور دیا کہ مغربی ایجنٹس کہلانے والوں کو ووٹ نہیں دیں، جس طرح خیبرپختونخوا میں 2013 کے انتخابات میں دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات نے اس ملک کی شناخت کو تباہ کردیا اور پاکستان کو ایک سیکولر اور لبرل ریاست کے طور پر پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: متحدہ مجلسِ عمل نے 12 نکاتی انتخابی منشور پیش کردیا
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 2002 میں ایم ایم اے کے قیام کا تجربہ کامیاب ثابت ہوا تھا اور انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور امید ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام 25 جولائی کو بھی اس فیصلے کو دہرائیں گے اورمتحدہ مجلس عمل لوگوں کے درمیان محرومیوں کو ختم کرے گی۔