کھیل

چیمپیئنز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کو 4-0 سے شکست دیدی

بھارت نے تاریخ کی آخری چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 4-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کیا۔

نیدرلینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والی تاریخ کی آخری چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

پہلے کوارٹر کے اختتام سے محض چند لمحے قبل بھارت کو ایک پینالٹی کارنر ملا لیکن پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے ہرمن پریت سنگھ کو گول کرنے سے باز رکھا۔

دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں رمن دیپ سنگھ نے سمرن جیت کے پاس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں برتری دلا دی جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔

تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی پاکستان نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا لیکن بھارت نے گول کے فیصلے کو چیلنج کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور بھارت کی برتری برقرار رہی۔

پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں نسبتاً بہتر اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے حملے کیے لیکن وہ ایک بھی موقع پر گیند کو جال تک نہ پہنچا سکے اور یوں تیسرے کوارٹر کا اختتام بھی بھارت کی 1-0 کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

میچ کا چوتھا اور آخری کوارٹر پاکستان کے لیے ڈراؤنے خؤاب سے کم نہ تھا جس میں بھارت نے تین گول داغ کر پاکستان کو بدترین شکست سے دوچار کیا۔

میچ کے ابتدائی 9منٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر گول کرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن میچ کے 54ویں منٹ میں سمرن سنگھ نے 17سالہ دلپریت سنگھ کو پاس دیا جنہوں نے پاکستانی گول کیپر عمران بٹ کر چکما دینے کے بعد گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

اس موقع پر پاکستان نے گول کرنے کی غرض سے گول کیپر کو واپس بھیج کر ایک فل بیک کو ان کی جگہ تعینات کردیا تاکہ بھارت کے خلاف اضافی اسٹرائیکر کی مدد سے گول کیا جا سکے لیکن اس کے نتیجے میں 57ویں منٹ میں مندیپ سنگھ نے گول کر کے برتری 3-0 کردی۔

پاکستانی ٹیم ابھی اس گول سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ میچ کے آخری منٹ میں اپادھیے نے گول کیپر کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اور گول داغ دیا جسے پاکستان نے چیلنج بھی کیا لیکن فیصلہ بھارت کے حق میں گیا۔

اس طرح بھارت نے پاکستان کو 4-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کرتے ہوئے قیمتی پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 3مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ بھارت اب تک ہونے والے 36ایڈیشنز میں ایک مرتبہ بھی چیمپیئن شپ نہیں جیت سکا۔