ارجنٹائن کی شکست پر میسی کے بھارتی مداح کی خود کشی
ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی کروشیا کے ہاتھوں بدترین شکست سے دلبرداشتہ ہو کر لیونل میسی کے ایک بھارتی مداح نے دریا میں کود کر خود کشی کر لی۔
جمعرات کو کھیلے گئے ورلڈ کپ 2018 کے اہم میچ میں لیونل میسی اور ان کی ٹیم ارجنٹائن بالکل آؤٹ آف فارم نظر آئے اور کروشیا نے انہیں باآسانی 3-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے اخراج کے خطرے سے دوچار کردیا ہے۔
ارجنٹائن کی اس بدترین کارکردگی اور شکست سے دنیا بھر میں لیونل میسی کے شائقین کو شدید مایوسی اور صدمہ ہوا لیکن بھارت کے شہر کیرالہ میں عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار کا ایک مداح یہ صدمہ برداشت نہ کر سکا۔
کیرالہ کے ضلع کوٹایم سے تعلق رکھنے والے ڈینو ایلکس لیونل میسی کے بہت بڑے مداح تھے اور ارجنٹائن اور میسی کی مایوس کن کارکردگی سے دلبرداشہ ہو کر انہوں نے مبینہ طور پر دریا میں کود کر خودکشی کر لی۔
ڈینو آخری مرتبہ ارجنٹینا کا میچ دیکھتے ہوئے پائے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے غائب ہیں لہٰذا یہ مانا جا رہا ہے کہ وہ ارجنٹائن کی شکست کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور خودکشی کر لی۔
انہوں نے مبینہ خودکشی سے قبل ملیالم میں لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ میں نے جو کچھ دیکھنا تھا سب دیکھ لیا، اب یہاں دیکھنے کو کیا ہے، میں گہرائیوں میں چھلانگ رہا ہوں۔
رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل ڈینو میچ سے قبل میسی کی ٹی شرٹ بھی خرید کر لائے تھے اور انہیں خدشہ تھا کہ اگر وہ میچ ہار گئے تو ان کے دوست ان کا بہت مذاق اڑائیں گے۔
پولیس نے نجی کمپنی میں اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنے والے نوجوان کی لاش کی تلاش شروع کرتے ہوئے ڈینو کے والدین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ کروشیا سے شکست کے بعد ارجنٹینا کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور انہیں اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے نائجیریا کے خلاف میچ میں بڑے مارجن سے لازمی فتح درکار ہے۔