ورلڈ کپ میں روس کا فاتحانہ آغاز، سعودی عرب کو 0-5 سے شکست
فیفا ورلڈ کپ 2018 کے افتتاحی میچ میں میزبان روس نے سعودی عرب کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کیا ہے۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں شاندار افتتاحی تقریب کے بعد میزبان ٹیم اور سعودی عرب کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا جس کو دیکھنے کے لیے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
روس نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کے شروع سے ہی مہمان ٹیم پر دباؤ رکھا اور میچ کے12ویں منٹ میں یوری گزنیسکی نے پہلا گول کر کے روس کو برتری دلائی اور ورلڈ کپ 2018 کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کی۔
پہلا ہاف ختم ہونے سے چند منٹ قبل ڈینس نے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری کو ہاف ٹائم سے قبل دگنا کردیا۔
دوسرے ہاف میں سعودیہ عرب کی ٹیم مزید بجھی بجھی نظر آئی اور روس نے تابڑ توڑ حملے کر کے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 17ویں منٹ آرٹم کے گول کے ذریعے اپنی برتری 3-0 کر لی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں کمزور سعودی دفاع کی بدولت میزبان ٹیم نے ڈینس اور الیگزینڈر کے گولوں کی مدد سے اپنی ٹیم کو افتتاحی میچ میں یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
جب میچ ختم ہوا تو اسکورڈ بورڈ پر 5-0 کا ہندسہ یکطرفہ مقابلے میں روس کی فتح اور سعودی عرب کی ناکامی کا ثبوت دے رہا تھا۔