پاکستان

عمران خان کا کراچی کے حلقہ این اے 243 سے الیکشن لڑنے کا اعلان

عمران خان ملک کے مختلف حصوں سے چار سے پانچ حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر
|

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کراچی کے حلقہ این اے 243 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان ملک کے مختلف حصوں سے چار سے پانچ حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 1 (پشاور ٹو)، این اے 56 (راولپنڈی سیون)، این اے 71 (میانوالی ون) اور این اے 126 (لاہور نائن) سے حصہ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کا 11 نکاتی ایجنڈا محض بیان بازی ہے‘

عام انتخابات 2018 کے لیے کراچی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے مرکز نگاہ بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح کے رہنما بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری اور آصفہ بھٹو بھی کراچی سے الیکشن لڑیں گے، جبکہ معروف سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر بھی کراچی سے ہی آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔

گزشتہ ماہ عمران خان نے عام انتخابات سے قبل کراچی کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا، جس میں توانائی، ہسپتالوں، تعلیم، پولیس اور دیگر شعبوں میں بہتری کے نکات شامل تھے۔