پیپلزپارٹی کا ماروی میمن کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کے نام ایک درخواست ارسال کی گئی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ماروی میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی 5 سالہ مدت کے اختتام کے ساتھ ہی کابینہ ختم ہوگئی لیکن ماروی میمن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا، اور وہ اب تک بی آئی ایس پی کی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا لوگو تبدیل، پیپلز پارٹی کی شدید مذمت
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام ایک انتہائی اثرنفوذ کا حامل پروگرام ہے جس کے تحت 52 لاکھ خاندانوں میں وظائف تقسیم کیے جاتے ہیں، جنہیں عام انتخابات میں ساز باز کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حمایتی اور سابق قومی اسمبلی کی رکن کا اہم ادارے کی چیئر پرسن کے عہدے پر براجمان رہنا الیکشن انجینیئرنگ اور انتخابات سے قبل دھاندلی کےمترادف ہے۔
مزید پڑھیں: ماروی میمن عالمی بینک کی مشاورتی کونسل کی رکن مقرر
اس ضمن میں مطالبہ کیا گیا کہ ماروی میمن کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا حکم دیا جائے اور جب تک نئی حکومت نہ بن جائے ان کی جگہ کسی سینیئر بیوروکریٹ یا سرکاری عہدیدارکو تعینات کیا جائے۔
یہ خبر ڈان اخبار میں 5 جون 2018 کو شائع ہوئی