پاکستان

سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمٰن نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

گورنر سندھ محمد زبیر نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے ان کے عہدے کا حلف لیا، تقریب حلف برداری میں مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

کراچی: سندھ کے سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمٰن نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر تقریب حلف برداری میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھی۔

مزید پڑھیں: نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے فضل الرحمٰن کے نام پر اتفاق

بعد ازاں وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمٰن کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’آئندہ انتخابات کے لیے بہترین نگراں وزیر اعلیٰ چُنا ہے اور فضل الرحمٰن حکومتی امور بہتر چلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے عہدے کا حلف لیا تھا اور اس عزم کا اظہار کیا تھا شفاف انتخابات اولین ترجیح ہیں اور وہ مینڈیٹ کے مطابق ہی کام کریں گے۔

یاد رہے کہ 31 مئی کو شب رات 12 بجے وفاقی اور صوبائی حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہوگئی تھیں۔