انتخابات 2018: ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹسز جاری کردیئے
اسلام آباد: انتخابات 2018 کے سلسلے میں ملک بھر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹسز جاری کردیئے گئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز کے مطابق ملک بھر میں کاغذات نامزدگی آج (یکم جون) سے حاصل کیے جاسکتے جبکہ 2 سے 6 جون تک انہیں جمع کرایا جاسکتا ہے۔
نوٹس کے مطابق کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ہفتہ اور اتوار کو بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: انتخابات 2018: غیر ملکی مبصرین، انتخابی عملے اور دیگر کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ کاغذات نامزدگی کی فیس 100 روپے ہوگی اور یہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوں گے۔
نوٹسز کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
اس بارے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں سیکیورٹی فیس ضبط کرلی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا گورنر اسٹیٹ بینک کو خط
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات 2018 کے سلسلے میں گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھا ہے، جس میں امیدواروں کے انتخابی اخراجات کے لیے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ امیدواروں کو 2 سے 6 جون کے درمیان اکاؤنٹ کھولنے میں مدد فراہم کی جائے اور اسٹیٹ بینک تمام شیڈول بینکوں کو ہدایات جاری کرے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی غیر ملکی مبصرین کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوششیں
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ قانون کے مطابق امیدوار خصوصی بینک اکاؤنٹ کے علاوہ انتخابی اخراجات نہیں کرسکتے۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا نے پبلک نوٹس جاری کردیا، جس میں قومی و صوبائی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی طلب کرلیے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے کہا گیا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کےلیے سیاسی جماعتیں ترجیحی فہرستیں بھی جمع کرائیں۔