جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیر اعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اسلام آباد: سابق چیف جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 7ویں نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ممنون حسین، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، دیگر مسلح افواج کے افسران، چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ کے ارکان، چاروں صوبوں کے گورنر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت، قومی اسمبلی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ختم
بعد ازاں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو مسلح افواج کے دستوں سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اہم شخصیات سے ملاقات بھی کی۔