لارڈز ٹیسٹ پاکستان کی گرفت میں، 166 رنز کی برتری
بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنا کر 166رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی ہے۔
لارڈز میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 50 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو حارث سہیل اور اظہر علی بیٹنگ کر رہے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دن کے پہلے گھنٹے میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی، دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 75رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور اس پارٹنرشپ کا خاتمہ مارک وڈ نے 39رنز بنانے والے حارث کو آؤٹ کر کے کیا۔
اس کے بعد اظہر کا ساتھ دینے اسد شفیق آئے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ 32 رنزجوڑے ہی تھے کہ اظہر نصف سنچری مکمل ہوتے ہی اینڈرسن کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔