آئی پی ایل میں کوہلی پر 12لاکھ روپے جرمانہ
بنگلور: انڈین پریمیئر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سلو اوور ریٹ کی بنا پر رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
انڈین پریمیئر لیگ کا موجودہ ایڈیشن کوہلی کے لیے اب تک کچھ اچھا ثابت نہیں ہو سکا اور ناصرف وہ خود تسلسل سے رنز نہیں بنا پا رہے بلکہ ان کی ٹیم بھی فتوحات حاصل نہیں کر پا رہی۔
اس مشکل صورتحال میں ویرات کوہلی ایک پریشان کن صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں اور چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں ناقص اوور ریٹ پر ان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔
انڈین پریمیئر لیگ گورننگ کونسل کے جاری کردہ بیان کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم چنائی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت میں اوورز ختم کرانے میں ناکام رہی جس کی پاداش میں کوہلی پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس میچ میں مہندرا سنگھ دھونی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے بنگلور کی ٹیم کو یقینی فتح سے محروم کردیا اور یوں بنگلور کی ٹیم کو 6 میچوں میں چوتھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔