کھیل

عامر کو ویزا جاری، کل انگلینڈ روانہ ہوں گے

ویزا مسائل کے سبب محمد عامر قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ آءرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے روانہ نہیں ہو سکے تھے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو برطانیہ کا ویزا جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ بدھ کو انگلینڈ روانہ ہو کر قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

قومی ٹیم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے گزشتہ روز لندن پہنچ گئی لیکن ویزا مسائل کے سبب فاسٹ باؤلر عامر ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہو سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان امجد بھٹی نے تصدیق کی تھی کہ ویزا مسائل کے سبب عامر ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کر سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر کی بیوی برطانوی شہریت کی حامل ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے طویل المدتی ویزا کی درخواست پہلے سے دے رکھی تھی تاکہ وہ برطانوی پاسپورٹ حاصل کر سکیں۔

تاہم اب فاسٹ باؤلر کو ویزا جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ بدھ کو برطانیہ روانہ ہوں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ عامر کو ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو بلکہ 2016 میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے موقع پر بھی انہیں ویزا کے حصول میں مشکلات پیش آئی تھیں جس پر پی سی بی نے انگلینڈ اینڈ کرکٹ بورڈ سے مدد طلب کی تھی۔

2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر محمد عامر پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی اور اس جرم کے سبب انہیں انگلینڈ میں جیل بھی جانا پڑا تھا۔