کھیل

آئی پی ایل: کنگز الیون پنجاب اور رائل چیلنجرز بنگلور کامیاب

کنگز الیون نے لوکیش راہل اور گیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت فتح حاصل کی، ڈی ویلیئرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلور کامیاب۔

کولکتہ: انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں کرس گیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت کنگز الیون پنجاب نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دے دی جبکہ اے بی ڈی ویلیئرز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے بھی فتح حاصل کر لی۔

ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے، کرس لن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 74 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان دنیش کارتھک 43 اور روبن اوتھاپا 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں کنگز الیون پنجاب نے ہدف کے تعاقب میں 8.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان 96 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی۔

جب بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کنگز الیون پنجاب کو فتح کے لیے 13 اوورز میں 125 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا جو اس نے 11.1 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کیا۔

لوکیش راہل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گیل نے مسلسل تیسرے میچ میں دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی، انہوں نے 38 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

لوکیش راہل کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب بنگلورو میں کھیلے گئے دن کے دوسرے میچ میں اے بی ڈی ویلیئرز کی ناقابل شکست 90رنز کی اننگز کی بدولت دہلی ڈیئر ڈیولز کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

رائل چیلنجرز کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر ڈیئر ڈیولز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جنہوںنے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بانئے۔

دہلی ڈیئر ڈیولز کی جانب سے ریشابھ پانٹ نے 48 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شریاس آئیر نے 52 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز کے اوپنرز ناکامی سے دوچار ہوئے جبکہ ویرات کوہلی بھی کچھ خاص نہ کر سکے لیکن ڈی ویلیئرز نے شانادر بیٹنگ کا مظاہرہ تن تنہا اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

جنوبی افریقی بلے باز نے صرف 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 90 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 12 گیندیں قابل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔

ڈی ویلیئرز کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔