کھیل

ریسلر انعام نے اولمپک گولڈ میڈل کو ہدف بنا لیا

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے محمد انعام نے کہا کہ وہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد: کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے قومی ریسلر محمد انعام بٹ نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے بعد اب اگلا ہدف اولمپکس گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔

انعام بٹ نے حال ہی میں گولڈ کوسٹ، آسٹریلیا میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز ریسلنگ ایونٹ میں فری اسٹائل 86کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں ملک کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جو ایتھلیٹس صلاحیت رکھتے ہیں اور اولمپکس گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کی مالی معاونت کرے تاکہ وہ بہتر طریقے سے گیمز کی تیاری کر کے بہترین نتائج دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ملک کے لیے طلائی تمغہ جیتنا میری زندگی کا باعث فخر لمحہ ہے اور میں اسے کبھی فراموش نہیں کروں گا، میڈل جیتنے سے اعتماد مزید بڑھا ہے اور مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے خوب جان لڑاؤں گا۔

محمد انعام نے مزید کہا کہ گیمز میں کوئی بھی حریف آسان نہیں تھا اور میرے خلاف بھارتی حریف کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن میں نے جارحانہ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے اسے شکست فاش سے دوچار کیا۔

ریسلر نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے بعد اب میرا اگلا ہدف اولمپکس گیمز میں ملک کے لیے طلائی تمغہ جیتنا ہے، یہ مشکل ضرور ہو گا لیکن نا ممکن نہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے میں بھرپور تیاری کے ساتھ اولمپکس گیمز میں حصہ لوں گا۔