کھیل

ُپی ایس ایل چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی صدر مملکت سے ملاقات

صدر پاکستان نے دوسری مرتبہ ایونٹ کا چیمپیئن بننے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے صدر پاکستان ممنون حسین سے ملاقات کی جہاں صدر پاکستان نے دوسری مرتبہ ایونٹ کا چیمپیئن بننے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد پیش کی۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر چیمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا۔

پیر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے فرنچائز کے مالک سید علی رضا نقوی کی قیادت میں ایوان صدر میں ممنون حسین سے ملاقات کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سے قومی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا، ایونٹ کے ملک میں کامیاب انعقاد سے دہشت گردی کو شکست ہوئی اور ٹورنامنٹ کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کا کریڈٹ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے لیگ کے میچوں میں عوام کی بھرپور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ سے معیشت میں بہتری آئے گی اور خصوصاً کھیلوں کا سامان بنانے والی صنعت میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے پی ایس ایل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں شاداب خان، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان اور آصف علی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو ان نوجوان کھلاڑیوں سے بہت توقعات ہیں اور وہ مصباح الحق اور یونس خان جیسے عظیم کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلیں۔

اس موقع پر ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور اسلام آباد ٹیم انتظامیہ نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی پرچم کی سربلندی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔