آئی پی ایل 2018: براوو نے ممبئی سے یقینی فتح چھین لی
ڈیوین براوو نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کو یقینی فتح سے محروم کردیا جس کی بدولت چنئی سپر کنگز نے ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔
انڈین پریمیئر لیگ 2018 کے افتتاحی میچ میں چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
ممبئی انڈینز کی ٹیم اننگز کی ابتدا میں ہی صرف 20 رنز پر اپنے دونوں اوپنرز ایون لوئس اور روہت شرما سے محروم ہو گئی۔
اس موقع پر سوریا کمار یادو اور ایشان کشن نے 78 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ بہتر اسکور کی راہ ہموار کی، دونوں کھلاڑی 43 اور 40 کی اننگز کھیلی۔
اننگز کے اختتامی اوور میں کرونل پانڈیا 22 گیندوں پر 41 رنز کی بدولت ممبئی انڈینز کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے شین واٹسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے چنئی کو 27 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن واٹسن 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
امبتی رائیڈو اور سریش رائنا نے اسکور کو 42 تک پہنچایا ہی تھا کہ چنئی سپر کنگز کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی اور دونوں ہی کھلاڑی اسی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ 84 رنز تک پہنچتے پہنچتے اس کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس موقع پر چنئی سپر کنگز کی ٹیم میچ سے مکمل طور پر باہر نظر آتی تھی لیکن ڈیوین براوو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تن تنہا ممبئی کو یقینی فتح سے محروم کردیا۔
براوو نے صرف 30 گیندوں پر 7 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیل کر 2 سال بعد لیگ میں شرکت کرنے والی چنئی سپر کنگز کو پہلے ہی میچ میں کامیابی دلا دی۔
چنئی سپر کنگز نے ایک گیند قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔