پاکستان

پاکستان، ویسٹ انڈیز سیریز کے یادگار لمحات

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی20 سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کر کے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو یادگار بنایا۔
Welcome

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی20 میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کرتے ہوئے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو یادگار بنا دیا۔

کراچی نے 2009 کے بعد پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کی اور قومی ٹیم نے عمدہ کارکردگی سے سیریز میں وائٹ واش کے ذریعے اسے یادگار بنایا۔

شہر قائد میں گرمی اور اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے سخت سیکیورٹی حصار کے باوجود سیریز میں شائقین نے بھرپور طریقے سے شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آئیے اس سیریز کے چند یادگار لمحات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

قومی ترانہ

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹی20 میچ کے دوران قومی ترانے کے موقع پر شائقین کے بھرپور جوش و جذبے نے میدان میں ایک سماں باندھ دیا۔

گراؤنڈ میں ایک عجیب و غریب صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ترانے کے بیچ میں ہی ساؤنڈ سسٹم بند ہو گیا لیکن اسٹیڈیم میں موجود 18-20ہزار پرجوش شائقین نے ساؤنڈ سسٹم بند ہونے کے باوجود سماں باندھے رکھا اور قومی ترانے کا اختتام کیا۔

سب سے بڑی فتح

پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 143 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹی20 میں اپنی سب سے بڑی فتح سمیٹی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا کر ٹی20 کرکٹ میں اپنے سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ برابر کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم صرف 60 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو اس کا ٹی20 میں سب سے کم اسکور ہے اور 143 رنز سے کامیابی کی بدولت پاکستان نے ٹی20 کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی فتح اپنے نام کی۔

ٹی20 میں سب سے بڑا اسکور

پاکستانی ٹیم پہلے ٹی20 میں تو اپنے بڑے اسکور کا ریکارڈ نہ توڑ سکی لیکن دوسرے میچ میں بابر اعظم کی ناقابل شکست 97 رنز کی اننگز کی بدولت گرین شرٹس نے ٹی20 میں اپنا سب سے بڑا اسکور کیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔

اس میچ میں بھی ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور انہیں 82 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

3 کھلاڑیوں کا ڈیبیو

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی ناتجربہ کار ٹیم اور ہوم گراؤنڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا پورا موقع فراہم کیا۔

آصف علی کو ڈیبیو پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کیپ پہنائی

سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے حسین طلعت اور آصف علی کو ڈیبیو کرایا جنہوں نے ہوم گراؤنڈ پر ڈیبیو کا مزہ چکھا۔

پھر سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں انڈر19 ٹیم کے رکن اور پاکستان سپر لیگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان شاہین آفریدی کو بھی ڈیبیو کرایا گیا۔

عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نوجوان شاہین آفریدی کو ڈیبیو پر کیپ دے رہے ہیں

لگاتار 7ویں سیریز میں فتح

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کے ذریعے لگاتار ساتویں ٹی20 سیریز میں فتح اپنے نام کی اور سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد قومی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو

پاکستان کی ٹیم 2016 میں ہوئے ورلڈ ٹی20 کے بعد سے ناقابل شکست ہے اور اس وقت سے اب تک ویسٹ انڈیز کو 3 مرتبہ جبکہ انگلینڈ، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور ورلڈ الیون کو ایک ایک مرتبہ ٹی20 سیریز میں شکست دی۔