ویسٹ انڈیز کو 8وکٹوں سے شکست، پاکستان کا 0-3 سے کلین سوئپ
فخر زمان اور بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی20 میچ میں بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور محمد عامر اور حسن علی کو آرام کا موقع فراہم کر کے شاہین آفریدی اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور کیسرک ولیمز کی جگہ آندرے میک کارتھی کو ڈیبیو کرایا۔
سیریز کے لگاتار تیسرے میچ میں ویسٹ انڈین اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہا اور صرف 2 کے مجموعے پر چیڈوک والٹن محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔
تاہم اس کے بعد مارلن سیمیولز اور آندرے فلیچر نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔
سیمیولز 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں سے مزین 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کے خلاف اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔