کھیل

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، شاداب پر 20فیصد جرمانہ

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں آؤٹ کرنے پر جارحانہ انداز اپنانے اور نازیبا الفاظ ادا کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔

کراچی: ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں چیڈوک والٹن کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منانے اور نازیبا الفاظ ادا کرنے پر نوجوان پاکستانی اسپنر شاداب خان پر میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈین اننگز کے نویں اوور میں چیڈوک والٹن کو آؤٹ کرنے کے بعد شاداب خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف ٹیم کے بلے باز کو پویلین واپسی کا اشارہ کرنے کے ساتھ ساتھ نازیبا الفاظ بھی ادا کیے تھے۔

دوسرے ٹی20 میچ کے لیے میدان میں موجود امپائروں کے ساتھ ساتھ تھرڈ اور فورتھ امپائرز نے شاداب خان کے اس رویے کی شکایت کی تھی جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نوٹس لیا اور شاداب خان آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی اسپنر بلے باز کو آؤٹ کرنے پر خراب زبان کے استعمال، جارحانہ انداز اور طرز عمل سے متعلق آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کے سبب ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جرمانے کے ساتھ ساتھ شاداب خان کو جرمانے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق 24ماہ کے عرصے میں اگر کسی کھلاڑی کو 4یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس ملیں تو اس پر چند میچوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

شاداب خان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور میچ ریفری ڈیوڈ بون کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ پاکستان سیریز کے ابتدائی دونوں ٹی20 میچ جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔