کھیل

دوسرے ٹی20 میں فتح، پاکستان کا نیا عالمی ریکارڈ

پاکستان نے ویسٹ انڈیز ٹی-20 سیریز 0-2 سے اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

کراچی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی-20 میچ میں فتح کے ساتھ سیریز 0-2 سے اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی-20 میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا کر ٹی-20 کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا، لیکن اس کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

یہ ٹی-20 کرکٹ میں لگاتار چوتھا میچ تھا کہ پاکستانی ٹیم نے 180 رنز سے زائد اسکور کیا، جو ٹی-20 کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے، کیونکہ آج تک ٹی-20 کرکٹ میں کوئی بھی لگاتار 4 میچوں میں 180 سے زائد رنز نہ بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی-20 میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، جبکہ سیریز کے تیسرے میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی-20 میں گرین شرٹس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے جبکہ سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے جو ان کا ٹی20 میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

لگاتار 7ویں سیریز میں فتح

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح کے ساتھ لگاتار 7ویں سیریز میں فتح اپنے نام کی، سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ٹی-20 سیریز نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

ورلڈ ٹی-20 میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی-20 ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد کی تھی، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف انہی کی سرزمین پر واحد ٹی-20 میچ جیت کر فتوحات کے سفر کا آغاز کیا۔

اس کے بعد گرین شرٹس نے پہلے ویسٹ انڈیز کو دبئی اور پھر انہی کے دیس میں ٹی-20 سیریز میں شکست دی، جس کے بعد ورلڈ الیون کو لاہور میں شکست سے دوچار کیا۔

پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھا، جس کے بعد نیوزی لینڈ کو انہی کو دیس میں مات دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر لگاتار ساتویں سیریز میں فتح سمیٹی۔