پاکستان

جب 18 ہزار پاکستانیوں نے ایک ساتھ قومی ترانہ گایا

پاکستان میں جہاں 9 سال بعد کرکٹ کی واپسی ہوئی، وہیں ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم ہوا۔

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کم سے کم 9 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کا دورہ یقینا باعث خوشی ہے۔

گزشتہ ماہ 25 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے بعد یکم اپریل کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کراچی پہنچی۔

ویسٹ انڈیزگزشتہ 9 سال میں کراچی کا دورہ کرنے والی پہلی عالمی ٹیم ہے، اس سے قبل یہاں 2009 میں عالمی میچز ہوئے تھے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلے گی، جس کا آغاز یکم اپریل سے ہوا۔

اگرچہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے، تاہم پہلے میچ کے دوران ایک دلچسپ ریکارڈ بھی بنا، جس سے کئی لوگ بے خبر ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ یکم اپریل کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانے پڑھے جانے کی تقریب کے وقت اچانک میوزک اور ساؤنڈ سسٹم بند ہوگیا۔

میوزک اور ساؤنڈ سسٹم بند ہونے کی وجہ سے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھنے والے کھلاڑی کچھ دیر کے لیے پریشان ہوگئے، تاہم نیشنل اسٹیڈیم میں موجود 18 ہزار تماشائیوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایک نیا کارنامہ سر انجام دیا۔

جیسے ہی میوزک اور ساؤنڈ سسٹم بند ہوگیا، گراؤنڈ میں موجود کرکٹ مداحوں نے زور سے قومی ترانہ پڑھنا شروع کردیا۔

گراؤنڈ میں موجود 18 ہزار افراد نے قومی ترانے کو وہیں سے پڑھنا شروع کیا، جہاں سے میوزک اور ساؤنڈ سسٹم کے خراب ہونے کی وجہ سے قومی ترانہ بند ہوا تھا۔

یوں پاکستانی افراد نے قومی ترانہ کو ایک ہی آواز میں بغیر میوزک اور ساؤنڈ کے پڑھ کر سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد عالمی کرکٹ نہیں ہو رہی تھی۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوششوں سے گزشتہ برس زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔

ویسٹ انڈیز پاکستان کا دورہ کرنے والی تیسری عالمی ٹیم ہے۔

تاہم زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیموں نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کیا۔

یوں پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں عالمی کرکٹ کی ایک سال قبل ہی واپسی ہوچکی تھی، جب کہ صوبہ سندھ میں 9 سال بعد عالمی کرکٹ کی واپسی ہوئی۔