کھیل

ٹی 20 سیریز کیلئے ناتجربہ کار ویسٹ انڈین ٹیم کا اعلان

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور کارلوس بریتھ ویٹ کی جگہ ٹیم کی قیادت جیسن محمد کریں گے۔

سیکیورٹی مسائل کے سبب ویسٹ انڈیز کے اکثر تجربہ کار اور اسٹار کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے اور ٹیم میں اکثر نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

کرس گیل، براوو برادران، سنیل نارائن, جیسن ہولڈر اور کیرن پولارڈ نے پاکستان آنے سے انکار کردیا جس کے سبب بورڈ کو نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد ہمارا اسکواڈ 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان جائے گا اور ہم نے یہ قدم اپنے دوست پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملک میں کرکٹ میں واپسی میں مدد کرنے کے لیے یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کارلوس بریتھ ویٹ سمیت چند اہم کھلاڑیوں نے سیکیورٹی وجوہات کے سبب دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ہم سمجھتے ہیں ان کی غیرموجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی دکھا کر مستقبل میں نیشنل ٹیم میں سلیکشن کی راہ ہموار کریں۔

کارلوس بریتھ ویٹ کے انکار کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت ٹی20 کے نائب جیسن محمد کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اسکواڈ میں 4 ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنا ڈیبیو نہیں کیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز یکم، 2 اور 3 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔سیریز کے لیے ویسٹ انڈین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

جیسن محمد(کپتان)، سیمیول بدری، دنیش رامدین، ریاض ایمرت، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، سیراسیمی پرمال، روومین پاول، مارلن سیمیولز، اوڈن اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹورٹ لا، اسسٹنٹ کوچ الفونسو تھامس کے ساتھ ساتھ بقیہ کوچنگ اور سپورٹنگ اسٹاف جبکہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے اہم آفیشلز بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔