کھیل

وارنر کی جگہ ولیمسن سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان مقرر

سن رائزرز حیدرآباد نے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو آئی پی ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے اپنا کپتان مقرر کردیا۔

ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کی فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد نے نیوزی لینڈ کے قائد اور اسٹار بلے باز کین ولیمسن کو آئندہ ماہ شیڈول لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے اپنی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے۔

ولیمسن آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

آسٹریلین اوپنر نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے عائد کردہ ایک سالہ پابندی کے بعد حیدرآباد ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تھا تاہم بعدازاں بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی وارنر پر رواں برس شیڈول آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی لگا دی تھی۔

سن رائزرز حیدر آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں ولیمسن کو کپتان بنانے پر خوشی ہے اور امید ہے کہ وہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے فتوحات دلانے میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کا آغاز آئندہ ماہ 7 اپریل سے ہو گا اور حیدرآباد کی ٹیم 9 اپریل کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔