کھیل

پی ایس ایل فائنل: ’کراچی والوں نے لاہوریوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا‘

سیکیورٹی کےبغیر کراچی میں سیروتفریح کی، شہریوں کا پی ایس ایل فائنل کیلئے جوش و خروش دیکھ کر انتہائی خوش ہوں، ثقلین مشتاق

کراچی: پشاور زلمی کے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کی تیاریوں میں کراچی والوں نے لاہوریوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ڈان نیوز سے خصوصی بات چیت میں ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو پلے آف مرحلے کے تمام میچز جیتنا تھے اور اس حوالے سے ٹیم پر بہت دباؤ تھا۔

انہوں نے کہا کہ فائنل میں پہنچنے کے بعد ان کی ٹیم پر دباؤ کم ہے جس کا تمام تر سہرا کھلاڑیوں اور ٹیم اسٹاف کو جاتا ہے۔

مایہ ناز آف اسپینر کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل کی دفاعی چیمپیئن ہے اور اس حوالے سے یہ ان کے لیے بہت بڑا میچ ہے۔

ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیکیورٹی کے بغیر کراچی میں سیر و تفریح کی اور وہ کراچی والوں کا پی ایس ایل فائنل کے لیے جوش و خروش دیکھ کر انتہائی خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے پی ایس ایل کی تیاری اور جوش و خروش میں لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ان فارم بیٹسمین لیوک رونکی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے حریف ٹیم کے اوپنر کو جلد آؤٹ کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کا باؤلنگ یونٹ اس وقت بہت مضبوط ہے، جس میں تمام تجربہ کار اور ایمرجنگ کھلاڑی بھی بہت اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پشاور زلمی پی ایس ایل تاج اپنے پاس رکھنے میں کامیاب ہو جائے گی۔