نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کو تیار
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) سیزن 3 کے فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور گراؤنڈ کی تزئین و آرائش سمیت دیگر تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں۔
25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سیزن تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور کراچی میں شائقین کرکٹ 10 سال بعد اپنے شہر میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو میدان میں دیکھنے کے لیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرانے کے اعلان کے بعد سے ہی شائقین میں بڑا جوش و خروش پایا جا تا تھا اور اس میچ کی ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئی تھیں۔
پی سی بی کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا ٹھیکہ این ایل سی کو دیا گیا تھا، اور اس کی تزئین و آرائش 2 مراحل میں مکمل ہوگی، جس کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد شروع ہوگا۔