کھیل

کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تیز ترین 50 بنا دی

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں کامران اکمل نے کراچی کنگز کے خلاف تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔
Welcome

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں پشاور زلمی کے کامران اکمل نے کراچی کنگز کے خلاف 17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کامران اکمل نے آندرے فلیچر کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

وکٹ کیپر بلے باز نے کراچی کنگز کے تمام ہی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ایونٹ کی تاریخ کی تیز ترین 50 کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

کامران اکمل نے 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے اس سنگ میل تک رسائی حاصل کی۔

اس سے قبل پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونچی کے پاس تھا جنہوں نے رواں ایڈیشن کے پہلے پلے آف میں کراچی کنگز کے خلاف 19 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔