کراچی کنگز ناکام، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر لگاتار دوسرے سال ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے قائم مقام کپتان محمد عامر نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن ان کا فیصلہ انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔
میچ سے قبل بارش کی وجہ سے مقابلہ تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 16 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
اوپنرز کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 9 اوورز میں 107 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
کامران اکمل نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 گیندوں پر ففٹی بنا کر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
کراچی کنگز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب جو ڈینلی کے باؤنڈری پر شاندار کیچ نے 34 رنز بنانے والے فلیچر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
کنگز کو دوسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور جارحانہ بیٹںگ کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 27 گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔
کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کے بلے باز اس رفتار سے بیٹنگ نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے اور لیام ڈاسن اور محمد حفیظ کی اننگز 13، 13 رنز پر اختتام پذیر ہوئیں۔
ڈیرن سیمی نے 23 رنز کی اننگز کھیلی لیکن انجری کا شکار زلمی کے کپتان ٹائمل ملز کی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور ڈینلی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو فائنل تک رسائی کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں مختار احمد صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد جو ڈینلی کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔
بابر اعظم 63 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو پشاور زلمی کی میچ میں فتح یقینی ہو گئی اور جو ڈینلی کی شاندار اننگز بھی رائیگاں گئی جنھوں نے 46 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی اور پشاور زلمی نے 13 رنز سے فتح حاصل کر کے لگاتار دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کا 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہو گا۔
کامران اکمل کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔