پی ایس ایل پلے آف: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کامیاب
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل تک رسائی کے لیے جاری دوڑ میں کھیلے گئے دوسرے پلے آف میں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر تیسرے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
لاہور میں 25 ہزار تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو بارش نے 4 گیندوں بعد ہی میچ میں مداخلت کر دی جس کے سبب میچ آدھے گھنٹے تک روک دیا گیا۔
میچ کا دوبارہ آغاز زلمی کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور گزشتہ 2 میچوں کے مین آف دی میچ کامران اکمل اور آندرے فلیچر 10 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر تمیم اقبال کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور دونوں نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 54 تک پہنچا دیا لیکن چار رنز کے فرق سے حفیظ اور تمیم دونوں بالترتیب 25 اور 27 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
58 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد لیام ڈاسن اور سعد نسیم وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 86 تک پہنچایا لیکن تھسارا پریرا کے عمدہ کیچ نے 9 رنز بنانے والے سعد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد لیام ڈاسن نے ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی کا بیڑا اٹھایا اور تن تنہا گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔