کھیل

کراچی کنگز کی چوتھی فتح، ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 63 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے 22ویں میچ میں جو ڈینلی کی عمدہ بیٹنگ اور شاہد آفریدی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔

ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انہیں اتدا میں ہی اس وقت کامیابی ملی جب لینڈل سمنز صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ڈینلی کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں ایونٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 118 رنز جوڑ کر بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

خصوصاً ڈینلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم نے بھی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 39 گیندوں پر 58 رنز بنانے کے بعد ہرڈس ولجوئن کی وکٹ بنے۔

اختتامی اوورز میں کولن انگرام نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے آٹھ گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت کراچی کنگز نے رواں سیزن کا سب سے بڑا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔

جواب میں ملتان سلطانز کو اوپنرز احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا نے 41 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن سنگاکارا کے آؤٹ ہونے کے بعد سلطانز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوانے لگے۔

صہیب مقصود بھیہ اس مرتبہ کوئی کمال نہ دکھا سکے اور عثمان شنواری کی وکٹ بنے جبکہ احمد شہزاد 24 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہوئے۔

تاہم سلطانز کی امیدوں اصل دھچکا اس وقت لگا جب شاہد آفریدی نے اپنے لگاتار تین اوورز میں کیرن پولارڈ، سیف بدر اور کپتان شعیب ملک کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

ایک موقع پر ملتان سلطانز کی سنچری بھی مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن سہیل تنویر نے اختتامی اوورز میں چند بڑے شاٹس کھیل کر اپنی ٹیم کو ایونٹ میں سب سے بڑی شکست کی خفت سے بچا لیا۔

ملتان سلطانز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 125 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور انہیں میچ میں 63 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد 24، کمار سنگاکارا 18 اور سہیل تنویر 34 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی نے تین اور محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

شاہد آفریدی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔