کھیل

پی ایس ایل: کراچی کا ملتان، پشاور کا کوئٹہ سے مقابلہ ہوگا

دبئی میں ہونے والے مقابلوں میں پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں آج بھی دو مقابلے ہوں گے، پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان جبکے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔

دبئی میں ہونے والے مقابلوں میچز میں پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

آج ہونے والے پہلے میچ کی بات کی جائے تو ان دونوں ٹیموں کے درمیان آج پہلا مقابلہ ہوگا کیونکہ اس سے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کیلئے خصوصی شٹل سروس چلانے کا اعلان

دونوں ٹیموں کی ایونٹ میں کارکردگی دیکھی جائے تو کراچی کنگز نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی ہوئی جبکہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے اب تک سب سے زیادہ 8 میچز کھیلے ہیں، جس میں اسے 4 میں فتح اور 3 میں شکست دیکھنی پڑی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔

ٹیموں پر نظر ڈالی جائے تو کراچی کنگز میں کپتان عماد وسیم، شاہد آفریدی، بابر اعظم، خرم منظور، روی بوپارہ، محمد عامر، عثمان شنواری، ٹیل ملز شامل ہیں تو وہیں ملتان سلطان میں کپتان شعیب ملک، کمار سنگارا،احمد شہزاد، کیرن پولارڈ، محمد عرفان، جنید خان اور عمر گل جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں آج ہونے والے دوسری میچ کی بات کی جائے تو دفاعی چمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر ایک دوسرے کے خلاف میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔

پوائنٹ ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 میچ میں سے 4 میچز جیت کر تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اسے 3 میچز میں شکست بھی دیکھنی پڑی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شین واٹسن نے پاکستان آنے کا فیصلہ والدین اور اہلیہ پر چھوڑ دیا

پشاور زلمی کی فتوحات پر نظر ڈالی تو گزشتہ برس کی چمپئن اس بار اب تک کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اور 7 میں سے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث پوائنٹ ٹیبل پر ٹیم کی پوزیشن 5ویں نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو پشاور زلمی مین کپتان ڈیرن سیمی، محمد حفیظ، کامران اکمل، حارث سہیل، کرس جورڈن، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں تو دوسری طرف کوئٹہ کی ٹیم کو کپتان سرفراز احمد، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، رلی روسو، اسد شفیق، محمد نواز اور انور علی کی خدمات حاصل ہے۔