کھیل

پی ایس ایل: ملتان کا مقابلہ لاہور سے، پشاور اور اسلام آباد بھی آمنے سامنے

اب تک کوئی بھی میچ نہ جیتنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم آج کا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ کھولنے کی کوشش کرے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 3 میں آج بھی 2 میچز کھیلے جائیں گے، پہلا مقابلہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دبئی میں کھیلا جانے والا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے ہوگا۔

ایونٹ میں اب تک کوئی بھی میچ نہ جیتنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم آج کا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ کھولنے کی کوشش کرے گی تو وہیں اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی ملتان سلطانز کی ٹیم اپنی فتوحات کو برقرار رکھنا چاہے گی۔

مزید پڑھیں: شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا شوہروں کے لیے اکٹھی ہوگئیں

دونوں ٹیموں کے میچز کی بات کی جائے تو ملتان سلطان نے ایونٹ میں اب تک سب سے زیادہ 7 میچز کھیلے ہیں، جس میں اسے 4 میں فتح اور 2 میں شکست دیکھنی پڑی جبکہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پلے آف راؤنڈ تک پہنچنے کے امکان بھی ختم ہوگیا ہے۔

کھلاڑیوں پر نظر ڈالی جائے تو ملتان سلطانز کے پاس کپتان شعیب ملک، احمد شہزاد، کمار سنگارا، ڈیرن براوو، کیرن پولارڈ، عمران طاہر، صہیب مقصود، محمد عرفان، عمر گل اور جنید خان جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے تو وہیں لاہور کے پاس بھی کافی اچھے کھلاڑی موجود ہیں، جن میں کپتان برینڈم میکیولم، فخر زمان، عمر اکمل، عامر یامین، سنیل نارائن، یاسر شاہ، سہیل خان شامل ہیں۔

پی ایس ایل میں آج ہونے والے دوسرے میچ کی بات کی جائے تو دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اسلام آباد یونائٹڈ کو شکست دے کر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کی کوشش کرے گی تو اسلام آباد یونائٹڈ بھی اپنا فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زلمی کے فلیچر نے پی ایس ایل3 کا سب سے لمبا چھکا لگا دیا

دونوں ٹیموں کے میچز کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائٹڈ نے ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں، جس میں اسے 4 میں فتح اور 2 میں شکست ہوئی ہے جبکہ پشاور زلمی بھی 6 میچز میں اپنی قسمت آزما چکی ہے، جس میں اسے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی ملی تھی۔

ٹیموں پر نظر ڈالی جائے تو پشاور زلمی میں کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل، محمد حفیظ، حارث سہیل، حسن علی، وہاب ریاض اور ڈوین اسمتھ شامل ہے تو وہیں اسلام آباد یونائٹڈ کو کپتان مصباح الحق، لوک رانکی، شاداب خان، جے پی ڈومنی، اینڈرے رسل، رومان رئیس، حسن طلعت، محمد سمی اور فہیم اشرف کی خدمات حاصل ہیں۔